سری لنکا میں طوفان کی تباہ کاریاں، ہلاکتیں 123 تک جا پہنچیں

کولمبو: سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کی شدت برقرار ہے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔
ملک کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 123 ہوچکی ہے جبکہ 130 سے زائد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر اموات لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں، خاص طور پر شمالی اور مشرقی علاقوں میں جہاں 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جس نے نشیبی اور پہاڑی مقامات کو شدید متاثر کیا۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر میں 44 ہزار سے زیادہ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ کئی متاثرہ خاندانوں کو اسکولوں، سرکاری عمارتوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سری لنکا میں بس کھائی میں گرنے سے 15 افراد جاں بحق
سری لنکن محکمہ آبپاشی کے مطابق مشرقی اور جنوبی حصوں میں مزید سیلاب کے امکانات ہیں، جب کہ دارالحکومت کولمبو میں بھی پانی بھرنے کا خدشہ برقرار ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ سیلاب میں پھنسے متعدد افراد گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوئے، جنہیں فوجی ہیلی کاپٹرز اور ریسکیو ٹیموں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔











